Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوکے:۲۰۲۴ءمیں ۵۸۳؍لڑکوں کا نام ”یحییٰ“ رکھا گیا، ناموں کی فہرست میں ٹاپ ۱۰۰؍میں شامل، ”محمد“ سرفہرست

Updated: August 06, 2025, 10:36 PM IST | London

اسلامی روایات میں ”یحییٰ“ حضرت زکریا علیہ السلام کے بیٹے کا نام ہے جنہیں آگے چل کر نبوت سے سرفراز کیا گیا۔ یہ حماس کے مرحوم سینیئر لیڈر یحییٰ سنوار کا بھی نام ہے۔

Yahya Sinwar. Photo: INN
یحییٰ سنوار۔ تصویر: آئی این این

برطانیہ کے آفس برائے قومی شماریات (او این ایس) کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ ”یحییٰ“ Yahya نے ۲۰۲۴ء میں پہلی بار انگلینڈ اور ویلز میں لڑکوں کے سر فہرست ۱۰۰؍ ناموں کی فہرست میں جگہ بنائی ہے۔ ”یحییٰ“ ایک عربی نام ہے جو عربی لفظ ”حیی“ سے نکلا ہے جس کے معانی ”زندہ“ یا ”طویل العمر“ ہیں۔ ۲۰۲۴ء میں ۵۸۳؍ لڑکوں کا نام ”یحییٰ“ رکھا گیا۔ گزشتہ سال کے مقابلے، یہ نام حیرت انگیز طور پر نچلی پوزیشن سے لمبی چھلانگ لگا کر ۹۳ ویں مقام پر پہنچ گیا ہے۔ 

”یحییٰ“ نام کی جڑیں اسلامی روایات میں پیوست ہیں۔ یہ حضرت زکریا علیہ السلام کے بیٹے کا نام ہے جنہیں آگے چل کر نبوت سے سرفراز کیا گیا۔ یہ حماس کے مرحوم سینیئر لیڈر یحییٰ سنوار کا بھی نام ہے۔ یاد رہے کہ محصور فلسطینی علاقے غزہ کی جنگجو تنظیم کے فوجی اور سیاسی لیڈر، سنوار ۱۶ اکتوبر ۲۰۲۴ء کو رفح میں اسرائیلی افواج سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔ انہوں نے ۷ اکتوبر ۲۰۲۳ء کو حماس کے اسرائیل پر حملہ کی منصوبہ بندی اور اسے انجام دینے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اسرائیلی فوج کے عہدیداروں نے ڈی این اے اور دانتوں کے ریکارڈ کے ذریعے ان کی شناخت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کی موت غزہ تنازع میں ایک اہم موڑ تھا۔

یہ بھی پڑھئے: یحییٰ سنوار کو شہید کرنے میں اسرائیل کو اتفاقاً کامیابی ملی

”یحییٰ“ نام کے استعمال میں اضافہ نہ صرف اس کے لسانی معنی کی وجہ سے نمایاں ہے بلکہ یہ برطانیہ میں متنوع عربی نژاد ناموں کو وسیع پیمانے پر اپنانے کے رجحان کی بھی نشان دہی کرتا ہے۔ یہ رجحانات نام رکھنے کے طریقوں میں بڑھتی ہوئی کثیر الثقافتی نمائندگی کو ظاہر کرتے ہیں۔ 

”محمد“ نام سر فہرست مقام پر برقرار

دریں اثنا، ”محمد“ Muhammad نام نے مسلسل دوسرے سال لڑکوں کے ناموں کی فہرست میں اپنی اول پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ ۲۰۲۴ء میں ۵۷۰۰ سے زائد نوزائیدہ لڑکوں کا نام ”محمد“ رکھا گیا۔ گزشتہ سال کے مقابلے، ”محمد“ کی مقبولیت میں ۲۳ فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ”محمد“ کے دیگر انگریزی املے جیسے Mohammad اور Mohammed بھی سر فہرست ۱۰۰ ناموں میں شامل ہیں جس سے برطانیہ کی مسلم آبادی میں اس نام کی دیرپا مقبولیت کو تقویت ملتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: انگلینڈ اور ویلز میں محمد مقبول ترین نام

انگلینڈ اور ویلز میں “محمد“ کی مسلسل بالادستی وسیع آبادیاتی تبدیلیوں کی عکاسی کرتی ہے، خاص طور پر مسلم اکثریتی علاقوں میں، جہاں یہ نام زیادہ والدین کی پسند ثابت ہوا ہے۔ یہ نام سب سے پہلے ۱۹۸۰ء کی دہائی کے وسط میں برطانیہ کے سر فہرست ناموں کی فہرست میں شامل ہوا اور تب سے ثقافتی فخر اور مذہبی اہمیت کی وجہ سے مسلسل اوپر چڑھتا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK